19 جون 2016 - 22:09
طورخم سرحد پر آمد و رفت بحال

چھے دن کی بندش کے بعد پاکستان اور افغانستان کے درمیان قائم اہم سرحدی گزرگاہ طور خم بارڈر کو کھول دیا گیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق طورخم بارڈر کھولنے کا فیصلہ پاکستان اور افغانستان کی سرحدی انتظامیہ کے درمیان ہفتے کی صبح ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔

کہا جا رہا ہے کہ بارڈر کھلنے سے قبل دونوں جانب سے افسران کے درمیان فلیگ میٹنگ بھی ہوئی جس کے بعد باضابطہ طور پر بارڈر کو کھول دیا گیا۔ پاکستانی فوج نے طورخم بازار سے کرفیو بھی ختم کرنے کا اعلان کر تے ہوئے بازار کو کھول دیا۔

بارڈر کھلنے کی اطلاع ملتے ہی دونوں جانب سے مسافروں کی بڑی تعداد پہنچ گئی اور گاڑیوں کی آمدورفت کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔

رواں ماہ کی بارہ تاریخ کو پاکستان اورافغانستان کی سیکورٹی فورس کے درمیان سرحد پر گیٹ نصب کرنے کے معاملے پر جھڑپ کے بعد طور خم پر آمد و رفت بند کر دی گئی تھی۔

جھڑپوں میں پاکستان اور افغان سیکورٹی فورس کے تین اہلکار ہلاک اور تیرہ دیگر زخمی ہوگئے تھے۔

قابل ذکر ہے کہ پاکستان اورافغانستان کے درمیان کافی عرصے سے تعلقات انتہائی کشیدہ چلے آ رہے ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے پر دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کی موجودگی اور ان کی جانب سے سرحدی علاقوں میں حملوں کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔

.......

/169